ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کانگریس لیڈر وشواناتھ کی جے ڈی ایس میں شمولیت نہیں: دیوے گوڈا

کانگریس لیڈر وشواناتھ کی جے ڈی ایس میں شمولیت نہیں: دیوے گوڈا

Wed, 19 Apr 2017 01:41:31    S.O. News Service

بنگلورو:18/اپریل(ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتادل(ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر ایچ وشواناتھ کی جنتادل (ایس) میں شمولیت کی خبروں کو مسترد کردیاہے، اور کہا ہے کہ وشواناتھ کی پارٹی میں شمولیت کے متعلق اب تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر دیوے گوڈا نے بتایاکہ ایچ وشواناتھ اس علاقہ کے ایک مضبوط سیاست دان ہیں۔ ان کی صلاحیتوں کا وہ احترام کرتے ہیں، لیکن جنتادل (ایس) میں شمولیت کے متعلق انہوں نے اب تک کوئی خواہش ظاہر نہیں کی ہے اور نہ ہی اس کے بارے میں انہیں کوئی جانکار ی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مجھ سے یا پارٹی کے دیگر لیڈروں سے کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔اسی لئے ان کی پارٹی میں شمولیت کے متعلق خبروں کو وہ میڈیاکی قیاس آرائی کے علاوہ کچھ اور نہیں کہہ سکتے۔دیوے گوڈا نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) ریاست کی تمام 224 سیٹوں پراپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ پارٹی کسی کے ساتھ کوئی مفاہمت کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی بی جے پی صدر غیر ضروری طور پر جنتادل (ایس) کو بدنام کررہے ہیں کہ اس نے کانگریس کے ساتھ درپردہ مفاہمت کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنتادل (ایس) قبل از وقت تمام حلقوں کیلئے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کردے گی۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ ضمنی انتخابات میں جنتادل ایس کی طرف سے امیدوارکھڑا نہ کئے جانے کے سبب پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔اسی طرح اترپردیش میں بی ایس پی اور تملناڈو میں اے آئی اے ڈی ایم کے نے ماضی میں ضمنی چناؤ کیلئے اپنے امیدوارکھڑا نہیں کئے تھے، لیکن اس کے بعد انتخابات میں ان پارٹیوں کو واضح اکثریت ملی، ریاست میں سنگین خشک سالی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماہرین موسمیات نے اگلے ہفتے ریاست میں اچھی بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے ہمراہ ہرش دیوے گوڈا،پارٹی کے دیگر اراکین اسمبلی وکونسل وغیرہ موجود تھے۔اس دوران جنتادل (ایس) کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے بھی ہاسن میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ جنتادل(ایس) اگلے انتخابات تنہا لڑے گی، کسی سے کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جنتادل (ایس) نے ہمیشہ سے اپنی سیاسی بقا کیلئے جدوجہد اپنے طور پر کی ہے، آنے والے دنوں میں بھی انتخابات کا سامنا اسی طرح سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ میں پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا ہے، جس کی وجہ سے کانگریس کو کامیابی ملی ہے۔انہوں نے پیشین گوئی کی کہ اگلے اسمبلی انتخابات میں سدرامیا کی قیادت والی حکومت اقتدار پر نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ یتنا ہولے آبی تنازعہ کی یکسوئی کی امید ریاستی عوام کو لگی ہوئی ہے، لیکن قومی سیاسی پارٹیاں اس مسئلے پر گندی سیاست کررہی ہیں۔


Share: